لیکن جب وہ یعنی روحِ حق [سچائی کو بیان کرنے والا روح] آئے گا تو تم کو تمام سچائی [پوری سچائی، مکمل سچائی] کی راہ دکھائے گا۔ ( یوحنا ۱۶ : ۱۳)
جب خُدا اپنے پاک روح کے وسیلہ سےانسانوں کی زندگیوں میں کام کرتا ہے تووہ گناہ کو ملامت کرتا ہے، گنہگار کو نہیں۔ کلامِ مقّدس کے ہر حصہ میں، ہم مختلف لوگوں کے لئے اس کی محبت کے واضح ثبوت اوراُس کی لوگوں کو تربیت کرنے کی خواہش کو دیکھتے ہیں تاکہ وہ اپنے گنا ہ کو پیچھے چھوڑ کراپنی زندگی میں اس کے عظیم منصوبے کے مطابق آگے بڑھیں۔ جب خُدا ہم پر ہماری کمزوری ظاہر کرتا یا اس کے تعلق سے بات کرتا توہمیں ڈرنا نہیں چاہیے۔
پاک روح ہمارے اندر بستا ہے۔ اُس کا کام یہ ہے ک جب ہم اپنی زندگیوں میں خُدا کے منصوبے کے مطابق چلتے ہیں تو ہماری رہنمائی کرے، ہمیں سکھائے، دُعا میں ہماری مدد کرے، تسلّی دے، گناہ کرنے پر ملامت کرے۔
ہم پاک روح پر بھروسہ کرسکتے ہیں کیونکہ وہ پورے طور پر جانتا ہے کہ ہماری زندگیوں میں کیا کام ضروری ہے اوراُس کا صیح وقت کیا ہے۔ آپ کہہ سکتے ہیں کہ ہم ٹوٹ چکے ہیں لیکن وہ ’’مرمت ‘‘ کرنا جانتا ہے۔
مجھے یقین ہے کہ ہم سب کی طرح پاک روح آپ کے اندر اور آپ کے ساتھ کام کررہا ہے۔ میں آپ کی حوصلہ افزائی کرنا چاہتی ہوں کہ مکمل طور پر اس کی تابعداری کریں کیونکہ وہ جانتا کہ وہ کیا کررہا ہے اوراس کو بالکل ٹھیک طور پر سرانجام دے گا۔ اگر لوگ ہمیں ٹھیک کرنے کی کوشش کریں گے یا ہم خود کو ٹھیک کرنے کی کوشش کریں گے ہم زیادہ مسائل کھڑے کریں گے، لیکن پاک روح معجزات کرنے کی غرض سے عجیب طریقے سے کام کرتا ہے ۔ ہم ہمیشہ نہ تو یہ سمجھ سکتے ہیں اورنہ ہی ہمیں اُس کا ہرکام پسند آئے گاجو وہ کررہا ہے۔ لیکن نتائج شاندارہوں گے۔ اطمینان رکھیں، ہر روز لطف اندوز ہوں اور خُدا کا شُکر کریں کہ وہ آپ کی زندگی میں کام کر رہا ہے۔
آج آپ کے لئے خُدا کا کلام: جانے دیں اور خدا کو موقع دیں۔