اور اگر آدمی ساری دنیاحاصل کرے اور اپنی جان[خداکی بادشاہی میں اُسکی بابرکت زندگی؟] کا نقصان اُٹھائے تو اُسے کیا فائدہ ہوگا؟یا آدمی اپنی جان[خداکی باشاہی میں بابرکت زندگی] کے بدلے کیا دے گا؟ متی ۱۶ : ۲۶
ابلیس ہمیں آزمائش میں ڈالتا ہے تا کہ ہم پستی کی زندگی گزاریں۔ لیکن خداہمیں اُونچائی پرلے جانا چاہتا ہے۔ سب سے بد ترین غلطی جو ہم کر سکتے ہیں وہ یہ ہے کہ ہم اپنی زندگی کے بارے میں بے فکر ہو جائیں اور یہ سوچنے لگیں کہ ہم توبہت اچھی زندگی گزار رہے ہیں اوربہت اچھا کام کر رہے ہیں۔ اپنے معیار پر مطمین ہونے کے سبب سے ہماری ترقی رُک سکتی ہے کیونکہ خُدا ہمارے اِیمان کے مطابق ہمارے لئے کام کرتا ہے۔
محتاط رہیں اوریہ نہ سوچیں کہ رُوحانی طور پرسب کچھ ٹھیک ہے۔ میں اوسط نہیں بننا چاہتی کیونکہ میں کسی معمولی خدا کی خدمت نہیں کرتی۔ خدا بہترین کاخدا ہے اور میں اس کے نمونہ کو اپنانا چاہتی ہوں۔ مندرجہ بالا حوالہ کے مطابق ہو سکتا ہے کہ ہم ساری دنیا توحاصل کرلیں لیکن اُس بابرکت زندگی کو کھو دیں جو اس نے ہمارے لئے مقرر کی ہے۔
پستی کی زندگی گزارنے کی قیمت بڑی ہے۔اس زمین پرکسی بھی چیز کا موازنہ اُس شاندار،پُرسکون، شادمان،راستبازی اورپاک زندگی سے نہیں کیاجاسکتا جو ہمیں مسیح میں حاصل ہے۔ اگرآپ اپنی زندگی میں خدا کی مرضی کا مقابلہ کرتے ہوئےاپنی مرضی پر زوردیتے رہیں گے تو آپ پستی میں زندگی گزاریں گے۔
خدا چاہتا ہے کہ آپ بابرکت ہوں لیکن اپنے بل بوتے پر نہیں۔ وہ نہیں چاہتا کہ آپ اُس سے بڑھ کر کسی اورچیز کی تلاش کریں یا کسی اور چیز کو اوّل درجہ دیں۔ یادرکھیں کہ جب ہم خدا اوراس کی بادشاہی کواول درجہ دیتے ہیں تو وہ تمام برکات جو اس نے ہمارے لئے رکھی ہوئی ہیں ہمیں مل جائیں گی۔ اور یہی ہے اعلیٰ معیار کی زندگی!
یہ دُعا کریں:
اَے خُداوند میں پستی کی زندگی میں رہنا نہیں چاہتا/چاہتی۔ میری مدد کر کہ میں اپنا دھیان تجھ پر لگاوٗں تاکہ میں تیری بادشاہی کی اعلیٰ زندگی بسر کرسکوں۔