
…جب خُدا کا پیغام…تم میں جو اِیمان لائے ہو تاثیر بھی کررہا ہے ( جواُس سے لپٹے رہتے، اُس پر بھروسہ کرتے اور تکیہ کرتے ہیں خُدا کا کلام اُن کے اندر بے حد قدرت سے کام کرتا ہے)۔ 1 تھسلنیکیوں 2 : 13
میں آپ کی حوصلہ افزائی کرنا چاہتی ہوں کہ ہر روز یہ اِقرار کریں "خُدا اِس وقت میری زندگی میں کام کررہا ہے ۔۔۔۔ وہ مجھے بدل رہا ہے!” جو کچھ خُدا کے کلام میں درج ہے بآوازِ بُلند اُس کا اِقرار کریں۔ اپنے احساسات کے مطابق گفتگو نہ کریں۔ جب ہم صرف اپنے احساسات کے مطابق گفتگو کرتے ہیں تو خُدا کے کلام کے لئے ہماری زندگی میں کام کرنا مشکل ہوجاتا ہے۔
جب ہم آگے قدم بڑھاتے ہیں تاکہ مسیح کی مانند بنیں ۔۔۔۔ تو اس دوران ہم سے کچھ غلطیاں سرزد ہو سکتی ہیں۔۔۔۔ جو سب سے سرزد ہوجاتی ہیں۔ لیکن جب ہم یہ سمجھتے ہیں کہ خُدا ہم سے صرف یہ توقع کرتا ہے کہ ہم اپنی پوری کوشش کریں تو ہمارے اُوپر سے دباؤ ہٹ جاتا ہے۔ وہ ہم سے یہ توقع نہیں کرتا کہ ہم کامل ہوں۔ اگر ہم کامل ہوتے تو ہمیں نجات دہندہ کی ضرورت نہ ہوتی۔ میرا اِیمان ہے کہ خُدا ہمیشہ ہمارے اندر کچھ خامیاں رہنے دے گا تاکہ ہم یہ جان سکیں کہ ہمیں ہر روز کس قدر خُداوند یسوع مسیح کی ضرورت ہے۔
میں ایک کامل مناد نہیں ہوں۔ بعض اوقات میں غلط طریقہ سے بات کرتی ہوں، بعض اوقات میں سمجھتی ہوں کہ میں نے خُدا کی آواز سُنی ہے لیکن دراصل وہ میری اپنی ہی آواز ہوتی ہے۔ بہت دفعہ میں کامل نہیں ہوتی۔ میرا اِیمان کامل نہیں ہوتا، میرا رویہ کامل نہیں ہوتا، میری سوچیں کامل نہیں ہوتیں، اور نہ ہی میرا عمل کامل ہوتا ہے۔
خُداوند یسوع مسیح جانتے تھے کہ یہ ہم سب کے ساتھ ہوگا۔ اِسی لئے وہ خُدا کی کاملیت اور ہماری خامیوں کے بیچ میں جو خلا ہے اس کے بیچ کھڑا ہوتا ہے۔ وہ مسلسل ہمارے لئے شفاعت کرتا ہے کیونکہ ہمیں ہمیشہ اس کی ضرورت رہتی ہے (عبرانیوں 7 : 25)۔
ہمیں اس بات پر یقین کرنے کی ضرورت نہیں ہے کہ خدا ہمیں صرف اس وقت قبول کرے گا جب ہم کامل ہو کر کام کریں گے۔ ہم اس سچائی پر اِیمان رکھ سکتے ہیں کہ وہ ہمیں "عزیز” میں قبول کرتا ہے (افسیوں 1 : 6)