تو اُن کے چہروں (صورتوں) کو دیکھ کر نہ ڈر کیونکہ خُداوند فرماتا ہے میں تجھے چھڑانے کو تیرے ساتھ ہوں۔ یرمیاہ 1 : 8
جب ہمارے سامنے کوئی چیلنج ہو یا کوئی رکاوٹ یا کوئی موقع، اگرہم یہ جانتے ہیں کہ خُدا ہمارے ساتھ ہے تو ہم ہر قسم حالات کا سامنا کرسکتے ہیں۔ بھاگ جانے کا توسوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ جس چیز سے آپ بھاگیں گے وہ کہیں کسی اور جگہ آپ کی منتظر ہوگی۔ خُدا کی قربت میں رہنے اور اُس کے ساتھ آگے بڑھنے سے ہمیں فتح پانے کے لئے قوّت ملتی ہے۔
یرمیاہ ایک نوجوان شخص تھا جِسے ایک بہت بڑا کام سونپا گیا۔ خُدا نے اُسے بتایا کہ اُسے قوموں کا نبی ہونے کے لئے بلایا گیا ہے۔ اُسے خُدا کا ترجمان بننا تھا۔ اِس خیال سے یرمیاہ ڈر گیا اور جو کام خُدا نے اُسے کرنے کے لئے کہا تھا چونکہ وہ یہ کام کرنا نہیں چاہتا تھا اِس لئے اُس نے ہر قسم کا بہانہ پیش کرنا شروع کردیا۔
یرمیاہ نے وہی ابتدائی غلطی کی جو آپ اورمیں بھی عموماً کرتے ہیں۔ وہ اپنے آپ کو اور اپنی قابلیت کی طرف دیکھ رہا تھا۔ جب کہ اُس کو صرف یہ کرنا تھا کہ وہ خُدا کی طرف دیکھے۔ اِس کے ساتھ ہی اُسے لوگوں کی رائے کی بھی فکر تھی کہ جو خُدا نے اُسے کرنے کے لئے کہا ہے اگر وہ یہ کام کرتا ہے تو وہ کیا سوچیں گے۔ خُدا نے یرمیاہ سے کہا کہ وہ صرف یہ یاد رکھے کہ وہ اس کے ساتھ ہے اور یہی وہ چیز ہے جس کی یرمیاہ کو ضرورت تھی۔
پہلے باب کی آخری آیت میں خُدا نے یرمیاہ سے کہا کہ لوگ اُس کی مخالفت کریں گے لیکن وہ اؐس میں کامیاب نہیں ہوں گے جس کی صرف ایک سادہ سی وجہ ہے کہ "میں تیرے ساتھ ہوں۔”
آج آپ کو جیسے بھی حالات کا سامنا ہے، حوصلہ رکھیں۔ خُدا آپ کے ساتھ اُن سب کا سامنا کررہا ہے۔
جب آپ اپنے حالات پر سے نظریں ہٹا لیتے ہیں اور خُداوند پر لگاتے ہیں، تو آپ کو یقینی فتح ملے گی۔