
پس جب کہ گواہوں (جنھوں نے سچائی کی گواہی دی ہے) کا ایسا بڑا بادل ہمیں گھیرے ہوئے ہے تو آؤ ہم بھی ہر ایک بوجھ … کو دور کرکے کے اُس دوڑ میں صبر سے دوڑیں… عبرانیوں 12 : 1
جب عبرانیوں کے مصنف نے یہ لکھا کہ ہم بھی ہر ایک بوجھ کو دور کرکے، تو وہ اپنے دور کے اُن دوڑنے والوں کے بارے میں سوچ رہا تھا جو اپنے لباس کو پھاڑ کر اُتاد دیتے تھے اور محض ایک لنگی کے ساتھ دوڑتے تھے۔ وہ اس بات کو یقینی بناتے تھے کہ کوئی بھی چیز ان کے لئے رکاوٹ کا باعث نہ بنے اور وہ اپنے پورے زور میں دوڑ سکیں۔ وہ جیتنے کے لئے دوڑ رہے ہیں!
خُدا کی نزدیکی میں جانے کے لئے ایک اہم طریقہ یہ بھی ہے کہ ہم اپنی زندگی کا جائزہ لیں اور ہر اس چیز کو جو ہماری راہ میں رکاوٹ کا باعث ہے یا ہمیں اس سے دور کردیتی ہے انہیں ترک کردیں۔ اس کے ساتھ نزدیکی تعلق کے لئے ضروری ہے کہ ہم ان چیزوں سے چھٹکارا حاصل کریں جو اُس کو دُکھ دیتی ہیں اور ہماری توجہ کو بھٹکاتی ہیں، ایسی چیزیں جو ہمیں اپنی زندگی میں خُدا کے منصوبہ کو پورا کرنے سے روکتی ہیں۔
ہمیں اکثر اپنی زندگی پر نگاہ ڈالنے اور ان چیزوں کو نکالنے کی ضرورت ہے جو ہمیں اُلجھا دیتی ہیں یا خُدا سے دور کردیتی ہیں۔ ایسا کئے بغیر روحانی طور پر بڑھنا ناممکن ہے۔ جب خُدا آپ پر کوئی ایسی بات ظاہر کرتا جسے آپ کو ترک کرنے کی ضرورت ہے تو میں آپ کی حوصلہ افزائی کرنا چاہتی ہوں کہ بغیر کسی ہچکچاہٹ کے اُسے چھوڑ دیں۔ خُدا کے ساتھ بحث نہ کریں اور نہ ہی خود ترسی کا شکار ہوں۔ جو کچھ وہ آپ سے کرنے کے لئے کہہ رہا ہے بالآخر اُس کا آپ کو فائدہ ہی ہوگا۔ شاید وہ کوئی ایسا دوست ہے جس سے آپ کو نقصان پہنچ رہا ہے، کوئی نقصان دہ عادت ہے، ٹھوکر کی بات ہے، یا آپ کی زندگی میں کوئی اور گناہ ، دلیری سے اِن کا سامنا کریں۔ خُدا سے کہیں کہ وہ آپ کی مدد کرے اور پھر اُس سے اور اُس کے کلام سے زور حاصل کریں۔
ہر اس چیزکو ترک کردیں جو رکاوٹ کا باعث ہے اور پاکیزگی کی دوڑ میں دوڑیں۔ آپ کا اَجر خُدا خود ہے۔