
شُکرگُزاری کرتے ہُوئے اُس کے حضُور میں حاضِر ہو۔ مزمُور گاتے ہُوئے اُس کے آگے خُوشی سے للکارو۔ زبُور 2:95
شُکرگزاری (تھینکس گیونگ) کا دن صرف ٹرکی اور پمپکن پائی کھانے کا دِن نہیں ہے، جیسا کہ ہم امریکہ میں کرتے ہیں۔ یہ ایک ایسا دن ہے جو اصل میں خُدا کا شُکر ادا کرنے اور اس بات کو یاد کرنے کے لیے مخصوص کیا گیا تھا کہ اُس نے یورپ میں مذہبی انتہا پسندی سے بھاگ کر امریکہ آنے والے پہلے مردوں اورعورتوں کی حفاظت کے لیے کیا کیا تھا۔ یہ اس فصل کاٹنے کے جشن کی طرح تھا جو یہودی لوگ منایا کرتے تھے؛ ایک دِن مخصوص کیا جاتا تھا جس دِن وہ فصل کی کٹائی کے لیے شُکر اَدا کرتےتھے۔
زندگی میں خُدا کی شُکر گزاری کرتے ہوئے یہ بھی اچھّا ہے کہ ہم کچھ خاص دِن مقّرر کریں جب ہم خُدا کا شُکر ادا کرسکیں۔ کبھی کبھی ہمارا خاندان ایک ساتھ بیٹھتا ہے اور یاد کرتا ہے کہ خُدا ہمیں کہاں سے لایا ہے، اور ہم اس کے تمام کاموں کے لئے اس کا شُکریہ ادا کرتے ہیں۔ ڈیو اور مَیں اپنی زندگی کے بارے میں بات کرتے ہیں کہ جب ہمارے بچّے چھوٹے تھے اور ہم تین کمروں کے ایک چھوٹے سے اپارٹمنٹ میں رہتے تھے اور تنخواہ کا انتظار کرتے تھے اور جب پیسوں کی کمی ہوتی تھی تو ردی بیچ کر گزارا کرتے تھے۔ مجھے یقین ہے کہ آپ کی زندگی میں بھی ایسا وقت ضرور آیا ہوگا جیسا کہ ہماری زندگی میں تھا اور جسے آپ یاد کرسکتے ہیں اور ان کو یاد کرنا ہمیں شُکر گزار بناتا ہے کہ خُدا ہمیں ان میں سے کیسے نکال لایا، اور اس ساری ترقی کے لئے جو ہم نے اُس کی بھلائی سے کی ہے۔
شُکرگزاری کی دُعا
اَے باپ، مجھے یہ سمجھنے میں مدد کر کہ میں ایک سے زائد دن تک شُکرگزاری کرسکتا/سکتی ہوں۔ نہ صرف آج بلکہ سال کے ہر روز میں مَیں ان تمام کاموں کے لیے شُکر گزار ہوں جو تُو نے میری زندگی میں کئے ہیں۔