
یہ وہی دِن ہے جِسے خُداوند نے مقّرر کیا۔ ہم اِس میں شادمان ہوں گے اور خُوشی منائیں گے۔ زبور 118 : 24
خدمت کے دوران میری سب سے بڑی خواہش یہ ہے کہ میں لوگوں کو پورے طور پر اُس معیارِ زندگی سے لطف اندوز ہوتے ہوئے دیکھوں جس کے لئے خُداوند یسوع مسیح نے اپنی جان دی ۔۔۔۔ نہ صرف یہ کہ وہ اس کے بارے میں محض پڑھیں یا بات ہی کریں بلکہ وہ اِس میں چلیں اور اس کے مطابق ہر روزحقیقی طور پرزندگی بسر کریں۔
بہت سے لوگ جس میں میں بھی شامل ہوں انتہا سے زیادہ منصوبہ بندی کرکے زندگی گزارتے ہیں۔ ہم کل کے بارے میں اتنا سوچتے ہیں کہ عموماً ہم حال کو سہرانے اور اس سے لطف اندوز ہونے میں ناکام ہوجاتے ہیں کیونکہ ہم ہمیشہ آگے کے بارے میں سوچتے رہتے ہیں، اگلے کام کی فکر میں رہتے ہیں، اگلے منصوبہ کو مکمل کرنے کے لئے کام کرتے رہتے ہیں اور سوچتے رہتے ہیں کہ ہمارے کاموں کی فہرست میں سے کتنے کام پایہء تکمیل کو پہنچ چکے ہیں۔
آج کے تیز رفتار اور مصروف ترین معاشرے میں ہم مجبور ہیں تاکہ جتنا زیادہ ممکن ہو اتنا زیادہ تیزی سے کامیابی کی منزلیں طے کریں ۔۔۔۔ اور پھر ایک کامیابی کے بعد دوسری کامیابی حاصل کرسکیں۔ پچھلےسالوں میں میں نے یہ سیکھا ہے کہ کسی ایک مقصد کو پالینے کے بعد دوسرے مقصد کا تندہی سے پیچھا کرنے سے ہم زندگی کی کچھ خوشیوں سے ہاتھ دھو بیٹھتے ہیں۔ خُدا کے بھی کچھ مقاصد اور منصوبے ہیں جو وہ چاہتا ہے کہ ہم اس زمین پر رہتے ہوئے پورا کریں، لیکن وہ یہ بھی چاہتا ہے کہ ہم خوش ہوں اور اپنی روز مرہ زندگی کو بھرپور انداز سے جئیں۔ خُدا نےاکثر مجھے یہ یاد دلایا ہے کہ میں حال میں زندگی بسر کروں!
جتنا آپ خُدا کے قریب ہوں گے اتنا ہی آپ اس بات کو سمجھ جائیں گے کہ اصل میں تھوڑا ٹھہرنا اوراپنی زندگی سے لطف اندوز ہونا ٹھیک ہے۔ آپ کے لئے خُدا کی آرزو یہ ہے کہ آپ ہرروزاُس کی مُحبّت، اطمینان اور شادمانی کا تجربہ کریں۔
آج کا دن وہ دن ہے جو خُدا نے آپ کو دیا ہے؛ اس میں خوش اور شادمان ہونے کا چناؤ کریں۔