یسوع کو تکتے رہیں

…اور اِیمان کے بانی [ہمارے اِیمان کاابتدائی محرک]  اور کامل [ایمان کومضبوط اورپورا کرنے والا]  کرنے والے یسوع [ہردھیان ہٹانے والی چیز سے نظریں ہٹا کر] کو تکتے رہیں (عبرانیوں ۱۲ : ۱۔۲)

خُدا کی مرضی کے بارے میں جو کچھ جاننا ہماری چاہت اور ضرورت ہے ان میں سے بہت سی باتیں ہمارے لئےکلامِ مقّدس کے اوراق پر واضح ہیں۔ بہرحال بہت سے ایسے سوال بھی ہیں جن کا جواب کتابِ مقدس میں موجود نہیں ہے۔ اگر میں کسی ایسی بات کے لئے دُعا کرتی ہوں جس کے بارے میں خُدا کے کلام میں واضح ہدایت موجود نہیں ہے یا اگر مجھے کوئی ایسا فیصلہ کرنا ہے جس کے لئے کسی باب یا آیت میں صاف راھنمائی موجود نہیں ہے تو میں اِس طرح دُعا کرتی ہوں:

’’اَے خُدا، میری مرضی تو کچھ اور ہے لیکن میں اپنی مرضی سے زیادہ تیری مرضی کو پورا کرنے کی خواہش مند ہوں۔  اس لئے اگر میری درخواست تیرے وقت کے مطابق یا تیری مرضی کے مطابق نہیں ہے، تو مہربانی سے وہ مجھے عطا نہ کریں۔ آمین۔‘‘

کئی دفعہ کسی کام کوخدا کی مرضی سمجھ کر ہم بہت جذباتی ہوجاتے ہیں لیکن جب ہم اُسے شروع کرتے ہیں تو جلد ہی پتہ چل جاتا ہے کہ یہ محض ایک اچھّا خیال تھا جس میں خُدا کی مدد کے بغیر کامیابی کی کوئی اُمید نہیں ہے۔ جس کام کو خُدا نے شروع نہیں کیا وہ اس کو پوراکرنے کا پابند بھی نہیں ہے۔ جو کام ہم خود شروع کرتے ہیں اس کے لئے ہم دُعا توکرسکتے ہیں لیکن اگر خُدا اُسے پورا نہ کرے تو ہم اُس سے ناراض نہیں ہوسکتے ۔ کوئی بھی ایسا کام جس کا بانی خُدا نہیں ہے وہ اُسے پورا کرنے کا پابند نہیں ہے! کوئی بھی ایسا کام جو بظاہر ایک اچھّا خیال معلوم ہوتا ہے اُسے شروع کرنے سے پہلے بہت محتاط رہیں۔اچھے خیالات اکثرخدا کی طرف سے ہمارے لئے رکھی گئی اچھی چیزوں کے دشمن ہیں، خُدا نے ہمارے لئے اچھّی نہیں بلکہ بہترین چیزیں رکھیں ہیں ۔ جب کوئی خیال آپ کے دِل میں پیدا ہوخُدا کےساتھ وقت گزاریں اورعملی قدم اُٹھانے سے پہلے خُدا کی مرضی معلوم کریں ؛ کیا آپ کی روح اس کی گواہی دیتی ہے ۔


آج آپ کے لئے خُدا کا کلام: اِس بات کی یقین دہانی کرلیں کہ آپ کے دِل میں پیدا ہونے والے اچھّے خیالات خُدا کی طرف سے ہیں یا نہیں!

Facebook icon Twitter icon Instagram icon Pinterest icon Google+ icon YouTube icon LinkedIn icon Contact icon