
یِسُوع نے اُس سے کہا کیا میَں نے تجُھ سے کہا نہ تھا کہ اگر تُو اِیمان لائے گی تو خُدا کا جلال دیکھے گی؟۔ (یوحنا ۱۱: ۴۰)
کیا آپکو یاد ہے، جب یسوُع مریم اور مرتھا کو ملنے گیا اور اُن کا بھائی لعزر چار دِن پہلے مر چُکا تھا؟ جب وہ وہاں پہنچا تو مرتھا نے اُس سے کہا ، اَے خُداوند اگر توُ یہاں ہوتا تو میرا بھائی نہ مرتا۔ (یوحنا ۱۱: ۲۱)
مارتھا واضح طور پر مایوسی کی حالت میں تھی۔ تب یِسُوع نے اُس سے کہا تیرا بھائِی جی اُٹھے گا۔ مرتھا نے اُس سے کہا میَں جانتی ہُوں کہ قیامت میں آخِری دِن جی اُٹھے گا۔ (آیات ۲۳ ـــ ۲۴)۔ میرا نہیں خیال کہ وہ یسوُع کی بات کو سمجھ سکی تھی۔ وہ مستقبل کے ممکنات پر غور کر رہی تھی نہ کہ حال کی سچائی پر۔ وہ اصل میں اُمید نہیں رکھتی تھی کہ چیزیں تبدیل ہو سکتی ہیں۔
ہم میں سے بیشتر مارتھا کی مانند ہیں، مشکلات میں پھنسے ہوُۓ جو سمجھ نہیں سکتے کہ خُدا ہر چیز کو دوبارہ ٹھیک کر سکتا ہے۔ لیکن یسوُع نے لعزرکو مرُدوں میں سے زندہ کیا، وہ آپ کی زندگی کے سب لعزر بھی زندہ کر سکتا ہے، اِس میں چاہے آپکو رشتوں کی بحالی کے لیے اُس کی ضرورت ہو یا آپکی صحت یا معاشی حالات کو ٹھیک کرنا ہو، یا پھر اُن رکاوٹوں کو دوُر کرنا ہو جو آپکی زندگی میں اُس کی مرضی کو پوُرا ہونے سے روک رہی ہیں ۔ آپکی ضرورت چاہے کیسی بھی ہو خُدا کے لیے ہر چیز ممکن ہے! (دیکھیے مرقس ۱۰: ۲۷)
اُمید کا دامن نہ چھوڑیں۔ ہو سکتا ہے اِس وقت آپ تکلیف میں ہوں، لیکن خُدا ہر تباہی میں سے نئی ابتدا پیدا کر سکتا ہے۔ خُدا پر ایمان رکھیں اور اُسے اپنی زندگی میں اپنا جلال دکھاتے ہوُۓ دیکھیں۔
یہ دُعا کریں:
اَے خُداوند، میَں جانتی ہوُں کہ توُ اپنے جلال کے لیے میری زندگی کے ہر طرح کے حالات میں کام کر سکتا ہے۔ بجاۓ اِس کے کہ میں اپنے مسائل میں پھنس جاؤں ، میں تجھ پر بھروسہ رکھوُنگی کہ توُ میری زندگی کے ’’سب لعزر‘‘ زِندہ کرتا ہے۔