…اور ہماری شراکت باپ کے ساتھ اور اُس کے بیٹے یسوع مسیح کے ساتھ ہے۔ (۱ یُوحنّا ۱ : ۳)
خُدا ہم سے رفاقت رکھنا چاہتا ہے۔ آج کی آیت میں یُوحنّا باپ اور بیٹے کے ساتھ رفاقت کےتعلق سے لکھتا ہے، اور۲کرنتھیوں ۱۳ : ۱۴ میں پولس پاک رُوح کے ساتھ رفاقت اور شراکت کے تعلق سے لکھتا ہے۔ پاک رُوح کے ساتھ شراکت دوسرے اِیمانداروں کے ساتھ اور خود پاک رُوح کے ساتھ شراکت کی طرف اشارہ ہے۔ کیونکہ پاک رُوح ہمارے اندربستا ہے اس لئے ہمیں اس کے ساتھ رفاقت اورشراکت رکھنے کے لئے کہیں بہت دورنہیں جانا ہے۔
رفاقت کو بیان کرنے کے لئے ایک اچھّی مثال دو لوگوں کی ہے جو ایک ساتھ رہتے ہیں جیسا کہ میاں اور بیوی۔ میں ایک گھر میں اپنے شوہر ڈیو کے ساتھ رہتی ہوں اور ہم بہت قریب ہیں۔ ہم ایک ساتھ خدمت کرتے ہیں اور اس کے علاوہ اوربہت سے کام ایک ساتھ کرتے ہیں۔ کبھی کبھار وہ گالف کھیلنے چلے جاتے ہیں لیکن ہم فون کے ذریعے رابطے میں رہتے ہیں۔ کبھی کبھار وہ ٹی.وی. پر کھیل کا پروگرام دیکھتے ہیں اور اگرچہ مجھے ان پروگراموں سے کوئی خاص دلچسپی نہیں ہے تو بھی میں گھر ہی میں موجود ہوتی ہوں۔ ڈیو اور میں ایک ساتھ کھانا کھاتے ہیں، ساتھ سوتے ہیں اورصبح کے وقت ایک ہی غسل خانہ استعمال کرتےہیں کیونکہ ہر صبح ہم تیار ہو کر کام کے لئے نکلتے ہیں۔ ہم ایک دوسرے کی موجودگی میں بہت سا وقت گزارتے ہیں۔ ہم ہر وقت بات نہیں کرتے لیکن ہم ہمیشہ ایک دوسرے کی موجودگی سے باخبر رہتے ہیں۔ کئی بار ہم خاموش رہتے ہیں لیکن کئی بار بہت سی باتیں بھی کرتے ہیں۔ میں ڈیو سے ان باتوں کے بارے میں گفتگو کرتی ہوں جو میرے لئے بہت اہم یا بے معنی ہیں۔ وہ بھی مجھ سے اس قسم کی گفتگو کرتے ہیں۔ جب ہم میں سے ایک بات کرتا ہے تو دوسرا سُنتا ہے۔
رفاقت کی سادہ تشریح یہ ہے کہ ایک ساتھ رہنا، ایک دوسرے سے بات کرنا اور ایک دوسرے کی سننا۔ پاک رُوح ہر وقت ہمارے ساتھ ہے۔ وہ ہمارے اندر رہتا ہے اور ہم سے کبھی جُدا نہیں ہوتا۔ ہم اُس سے بات کرسکتے ہیں، وہ سنے گا۔ اور وہ ہم سےبات بھی کرے گا پس ہمیں سننے کی ضرورت ہے۔
آج آپ کے لئے خُدا کا کلام: خُدا کے ساتھ آرام دہ زندگی بسر کریں۔ اپنے گھرمیں اس کے ساتھ ایک باعزّت مہمان کی طرح سلوک کریں۔