ہمارا صاف کرنے والا

اور وہ چاندی کو تانے اور پاک صاف کرنے والے کی مانند بیٹھے گا اوربنی لاوی کو سونے کی مانند پاک صاف کرے گا تاکہ وہ راستبازی سے خُداوند کے حضور ہدئے گزرانیں۔  (ملاکی ۳ : ۳)

جب میں گزرے سالوں پر غور کرتی ہوں تو میں محسوس کرتی ہوں کہ میں خُدا کے ساتھ ایک دلچسپ سفر پر ہوں۔ اس نے یقیناً مجھے تبدیل کیا ہے اور اب بھی ہر روز تبدیل کررہا ہے۔ جب میں نے پاک روح کی معموری کو حاصل کیا اس وقت میری جان ( میری سوچوں، مرضی اور جذبات) اور میرے حالات میں بہت سے مسائل تھے۔ مجھے اتنا اندازہ نہیں تھا کہ میری زندگی میں کیا ہونے والا ہے۔ میں خُدا سے تبدیلی کی دُعا کررہی تھی، اورمیں بالکل نہیں جانتی تھی کہ میری زندگی میں جس چیز کو تبدیل ہونا ہےوہ میں خود ہوں!

خُدا نے میری زندگی میں ایک کام شروع کیا ۔۔۔۔۔۔ دھیرے سے، لگاتار ایک ایسی رفتار سے جسے میں برداشت کرسکتی تھی۔ بھٹی کی آگ کی آنچ کا دھیان رکھنے والے کی مانند وہ ہماری زندگیوں میں جلنے والی آگ کی آنچ پر نظر رکھتا ہے تاکہ خیال رکھے کہ  وہ زیادہ تیز نہ ہوجائے اور نہ ہی بجھ جائے۔ جب وہ ہمارے اندر اپنی شبیہ دیکھ لیتا ہےاُس وقت آگ کو بُجھا دیتا ہے، اور پھر بھی بارہا ہمیں کئی باتوں میں تبدیل ہونا پڑتا ہے۔

جب خُدا میری زندگی میں صبرکے حوالہ سے کام کررہا تھا مجھے بہت سے ایسے حالات کا سامنا کرنا پڑا جن میں یا تو میں صبر کرسکتی تھی یا برا رویہ اپنا سکتی تھی۔ بہت دفعہ میں نے بُرا برتاوٗ کیا لیکن پاک رُوح نے مجھے قائل کرنا جاری رکھا، مجھےسیکھاتا رہا اور مجھے یہ خواہش بخشتا رہا کہ میں خُدا کے جلال کے لئے زندگی بسر کروں۔ بتدریج، تھوڑا تھوڑا، میں ایک حصُہ میں تبدیل ہوئی اور پھر دوسرے میں۔ عموماً ان جنگوں کے بیچ مجھے کچھ آرام کا وقت بھی مل جاتا تھا اور میں اکثر یہ سوچتی تھی کہ اب میں نے امتحان پاس کرلیا ہے لیکن بعد میں پتہ چلتا تھا کہ ابھی مجھے کچھ اور بھی سیکھنے کی ضرورت ہے۔

جب پاک رُوح ہمیں تبدیل کرتا ہے تو وہ اسی طرح سے کام کرتا ہے۔ اس کی راہنمائی کے لئے اپنے دِل کو کھول کر رکھیں؛ اس کی آواز کے لئے اپنے کانوں کو کھولیں؛ جو وہ آپ سےکہتا ہے اُس کی فرمانبرداری کریں ۔۔۔۔۔۔ اورجلد ہی، آپ کو پتہ چلے گا کہ آپ ایسے شخص بن رہے ہیں جیسا اس نے آپ کو تخلیق کیا تھا۔


آج آپ کے لئے خُدا کا کلام: جب خُدا آپ کی زندگی کے ایسے حصّوں کو آپ پر ظاہر کرے جن میں تبدیلی کی ضرورت ہے تو بے حوصلہ نہ ہوں۔

Facebook icon Twitter icon Instagram icon Pinterest icon Google+ icon YouTube icon LinkedIn icon Contact icon