تو مت ڈر (ڈرنے کی کوئی بات نہیں ہے) کیونکہ میں تیرے ساتھ ہوں۔ ہراساں نہ ہو کیونکہ میں تیرا خُدا ہوں میں تجھے زور بخشوں گا۔ میں یقیناً تیری مدد کروں گا اور میں اپنی صداقت کے (فتح مند) دہنے ہاتھ سے تجھے سنبھالوں گا۔ یسعیاہ 41 : 10
اِس حوالہ میں بیان کیا گیا ہے کہ "میں تجھے زور بخشوں گا” تو اِس کا کیا مطلب ہے؟ اِس کا مطلب ہے کہ مختلف حالات میں سے گزرنے سے خُدا آپ کو زور آور بناتا جائے گا۔ اس کا یہ مطلب بھی ہے کہ وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ آپ حالات اور مشکلات سے زیادہ متاثر نہیں ہوں گے۔ یہ ورزش کی مانند ہے؛ جب آپ پہلی مرتبہ ورزش کرتے ہیں آپ کو درد ہوتا ہے، لیکن جب آپ درد کے باوجود ورزش جاری رکھتے ہیں آپ کے پٹھے مضبوط ہو جاتے ہیں اور آپ کو زور ملتا ہے اور جلد ہی وہ کام جسے کرنے میں کسی وقت آپ کو مشکل محسوس ہوتی تھی اب آسانی سے ہو جائے گا۔
جیسے جیسے آپ خُدا کے ساتھ آگے بڑھ رہے ہیں وہ آپ کو زور دے رہا ہے۔ آپ ہر نئی مشکل کا سامنا کرسکتے ہیں، ہر قسم کے خوف پر غالب آسکتے ہیں؛ خُدا آپ کو ضرورت کے مطابق مسلسل زور بخشے گا تاکہ فتح حاصل کریں، اور آپ بالغ ہوتے جائیں گے۔
آج کا قوّی خیال: ہر مشکل جس کا مجھے سامنا کرنا پڑتا ہے میرے لئے ایک موقع ہے جس میں خُدا مجھے زور بخشتا ہے۔