
تب ناتن نے بادشاہ سے کہا جا جوکچھ تیرے دِل میں ہے کر کیونکہ خُداوند تیرے ساتھ ہے۔ 2 سموئیل 7 : 3
کیا آپ کے دل میں کسی کام کو پورا کرنے کی خواہش ہے، لیکن اسے پورا کرنے کے لئے آپ ابھی تک انتظار کررہے ہیں؟ کیا خُدا نے آپ کے دِل میں کچھ ڈالا ہے لیکن آپ قدم آگے بڑھانے سے ہچکچا رہے ہیں؟
میرا اِیمان ہے کہ خُدا کا وقت بہت اہم ہے اور میں یقینی طور پر یہ سوچتی ہوں کہ ہمیں کسی بھی کام کو دُعا کئے بغیر اور اچھّی صلاح لئے بغیر جلد بازی سے شروع نہیں کرنا چاہیے۔ تو بھی میں نے غور کیا ہے کہ کچھ لوگ اپنی ساری زندگی "انتظار کی حالت میں” پھنسے ہوئے گزار دیتے ہیں۔ جب کہ اُنہیں اِیمان کا قدم اُٹھا لینا چاہیے وہ اُس وقت بھی انتظار کرتے رہتے ہیں۔
اس سے زیادہ پریشان کن بات کیا ہوسکتی ہےجب ہم ہرروز اپنے دِن بھر کے کاموں کو سر انجام دیتے رہیں تاکہ کسی نہ کسی طرح دن گزرجائے اور پھر ہفتے اورمہینے اور سال، اورآپ کو ایسا محسوس ہو کہ آپ اپنے ہدف کے ذرا سے بھی قریب نہیں ہیں۔ خُدا نہیں چاہتا کہ آپ ایسی پریشانی میں زندگی گزاریں۔ وہ چاہتا ہے کہ آپ اُس کی مرضی کو جانیں اور پھر عملی قدم اُٹھائیں۔ اگر آپ خُدا کی راہنمائی کو نہ بھی سمجھ پائیں گے ۔۔۔۔ اگر آپ غلطی سے کسی سمت میں قدم بڑھا لیتے ہیں ۔۔۔۔ تو خُدا آپ کو دوبارہ سے راہ راست پر لے ہی آئے گا۔
آپ کا دِلی رویہ اہمیت کا حامل ہے۔ خُدا خوش ہوتا ہے جب وہ یہ دیکھتا ہے کہ آپ نے اِیمان سے قدم بڑھایا ہے، اُس کو خوش کرنے کی کوشش میں ہیں اور اپنی زندگی میں اس کی مرضی کو پورا کررہے ہیں۔ پس آج خوف زدہ نہ ہوں۔ ایک قدم بڑھائیں اور خُدا کو دیکھیں کہ وہ آپ کی زندگی میں کام شروع کرتا ہے۔
خُدا آپ کے دل کے اندر خواہش پیدا کرے گا اور اُسے پورا کرنے میں آپ کی مدد کرے گا۔ آپ کا کام صرف یہ ہے کہ آپ اپنے اِیمان کے ذریعے اس مقصد کی طرف قدم بڑھائیں۔