مگر ان سب حالتوں میں اس کے وسیلہ سےجس نے ہم سے محبت کی ہم کو فتح سے بھی بڑھ کر غلبہ حاصل ہوتا ہے۔ رومیوں ۸ : ۳۷
خدا مستقبل کے لئے ہمیں رویا بخشتا ہے لیکن بعض اوقات وہ خواب نا ممکن لگتے ہیں۔ اور اسی وقت خوف ہماری زندگی میں داخل ہونے لگتا ہے۔
اگر آپ اپنے رویا کو پورا کرنے کے لئے پرعزم ہیں،تو پھرآپ کو خطرات مول لینے پڑیں گے اور آپ کو دلیر ہونا پڑے گا۔ یہاں آپ کو یہ سمجھنے کی ضرورت ہے کہ دلیری کا مطلب یہ نہیں ہے کہ ہم خوف محسوس نہیں کریں گے؛اس کا مطلب یہ ہے کہ خوف کے باوجود ہم آگے بڑھتے جائیں گے۔ پس جب آپ کا سامنا ایسے حالات سے ہوجوآپ کو خوف زدہ کریں یا ڈرائیں اس وقت خدا کے فضل کے لئے دُعا کریں تاکہ وہ آپ کو دلیری اورحوصلہ بخشے تاکہ آپ اپنے خوف کے احساس کے باوجود آگے قدم بڑھاسکیں۔
خوف کی روح آپ کو ہمیشہ آگے بڑھنے سے روکے گی۔ دشمن نے صدیوں سے انسانوں کو آگے بڑھنے سے روکنے کے لئے خوف کا استعمال کیا ہےاور اب وہ اپنی اس حکمتِ عملی کو بدلنے والا نہیں ہے۔ لیکن آپ خوف کو شکست دے سکتے ہیں کیونکہ آپ مسیح میں جوآپ سے پیار کرتا ہے فاتح سے بڑھ کر غالب ہیں۔
میں آپ کی حوصلہ افزائی کرنا چاہتی ہوں کہ جب خوف آپ کے سامنے آئے تو آپ اس کا سامنا کرنے کے لئے پرعزم رہیں۔ مضبوطی سے خدا پر بھروسہ کرتے ہوئے قائم رہیں، اور یہ جانیں کہ وہ ہمیشہ آپ کے ساتھ ہے۔
یہ دعا کریں:
اَے خدا،اگرچہ مجھے خوف کا سامنا رہتا ہے لیکن میں تیرے کلام پر بھروسہ کرتا/کرتی ہوں، جوکہتا ہے کہ میں فاتح سے بڑھ کر غالب ہوں۔ میں ہر اس کام کو پورا کرسکتا/سکتی ہوں جو تونے مجھے سونپا ہے کیونکہ تو مجھ سے پیار کرتا ہے اور مجھے فتح بخشتاہے۔