خُداوند تمہارے دِلوں کوخُدا کی محبّت اور مسیح کے صبر کی طرف ہدایت کرے۔ ۲ تھسلنیکیوں ۳: ۵
تصور کریں کہ آپ کی زندگی جوتے کے بہت سے تسموں کی مانند ہے جس میں بہت سی بے ترتیب گرہیں ہیں۔ اور ہرایک تسمہ مخلتف رنگ کا ہے۔ ہر گرہ ایک مسئلہ کو ظاہر کرتی ہےان گرہوں کو کھولنےاوران کو سیدھا کرنے کے عمل میں کچھ وقت اورزورلگ سکتا ہے۔ چونکہ ان گرہوں کو باندھنے میں کافی وقت لگا ہے اِس لئے اِن کو کھولنے میں بھی کچھ وقت لگ سکتا ہے۔
ہم جس دور میں رہتے ہیں یہاں ہم ہرکام فوری کرنے کے عادی ہیں اوراس لئے ایک کام کو جلدی جلدی کرکے دوسرا کام شروع کر دیتے ہیں، لیکن خدا جلدی میں نہیں ہے۔ وہ نہ تو ادھورے کام کرتا ہے اورنہ ہی اُس کے صبرکا پیمانہ لبریز ہوتا ہے۔اس کے کام کا طریقہ یہ ہے کہ وہ ہماری زندگیوں کے کسی ایک حصہ میں کام کرے گا اور پھر کچھ دیر ہمیں آرام کا موقع دے گا لیکن بہت دیر تک نہیں۔اورپھر جلد ہی وہ دوبارہ آئے گا اورکسی اور حصہ پر کام شروع کردے گا۔ اور وہ ہماری زندگی میں اس وقت تک کام کو جاری رکھے گا جب تک ایک ایک کر کے ساری گرہیں کھل نہ جائیں۔
اگر کبھی ایسالگے کہ آپ آگے نہیں بڑھ رہے تو اس کی وجہ یہی ہو سکتی ہے کہ خدا ایک ایک گرہ کو کھول رہا ہے۔اس کے صبر کو اپنے اندر کام کرنے دیں اور جلد یا بدیر آپ اپنی زندگی میں اُس فتح اور آزادی سے ہمکنار ہوں گے جس کے آپ منتظر تھے۔
یہ دُعا کریں:
اَے خدا میں بہت خوش ہوں کہ تو میری ساری گرہیں کھول سکتا ہے اور میری زندگی کو درست کر سکتا ہے۔ جس دوران تو میری زندگی میں کام کر رہا ہے اس سارے عمل میں میرے اندر مستقل مزاجی اور صبر پیدا کر۔